کرونا سے دنیا بھر میں 18 ہزار 907 ہلاکتیں، امریکا کو وائرس کا نیا مرکز بننے کی وارننگ

کرونا وائرس 197 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 907 ہو گئی۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ امریکا عالمی وبا کا نیا مرکز بن رہا ہے، اٹلی میں حکام نے لاک ڈاؤن اور پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں پنجے گاڑ لئے، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اٹلی کی صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔ وبا سے نمٹنے کے لیے حکام نے لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ 24 گھنٹوں میں مزید 743 ہلاکتیں ہوئیں، کل تعداد 6 ہزار 8 سو 20 ہو گئی۔ اسپین میں مزید 680 افراد مارے گئے، تعداد 2 ہزار 991 ہو گئی۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا میں اتنی تیزی سے کرونا کے مریض سامنے آتے رہے تو وہ وبا کا نیا مرکز بن جائے گا، متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی۔
نیویارک میں وینٹی لیٹرز، ماسک اور میڈیکل آلات کی شدید قلت پیدا ہو گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ہے مزید فیس ماسک اور وینٹی لیٹرز کا انتظام کرنا مشکل ہے۔ امریکا میں مزید 145 ہلاکتوں کے بعد تعداد 782 ہو گئی۔مہلک وائرس سے سعودی عرب میں پہلا مریض جاں بحق ہو گیا، 51 سالہ افغان شہری مدینہ منورہ کےہسپتال میں زیر علاج تھا، اقوام متحدہ نے ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر دیا، ایران میں مزید 122 ہلاکتوں کے بعد تعداد 1934 ہو گئی۔فرانس میں بھی مزید 244 افراد مارے گئے ، تعداد 1100 ہو گئی۔ برطانیہ میں 422 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیدرلینڈ میں 276 افراد مارے گئے، جرمنی میں 159 ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کرونا کے مریضوں کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے، مکمل حفاطتی لباس پہن کر وارڈ میں گئے، صدر کا کہنا تھا کہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔

Related posts