پنجاب حکومت نے کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری سکولز کی چھٹیاں یکم جون تک بڑھانے کی منظوری دیدی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں حاضر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس سٹاف کی انشورنس کروانے اور بلوچستان کے لئے ایک ارب روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر صوبے میں بلدیاتی انتخابات موخر کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے سکولوں کی چھٹیاں 30 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نجی سکولوں کو تجویز دی کہ وہ بچوں سے نصف فیس وصول کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 10 ہزار نئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ کرونا وائرس کے پیش نظر ہم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سماجی بہبود کے فنڈز کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے استعمالکیا جائے گا۔عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ میرے سمیت صوبائی کابینہ کے تمام اراکین اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دے رہے ہیں۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے اور پی ڈی ایم اے کو 2 ارب روپے کے فنڈز جبکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ اور بلوچستان کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لیبارٹریز کو فنکشنل کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
کرونا سے دنیا بھر میں 18 ہزار 907 ہلاکتیں، امریکا کو وائرس کا نیا مرکز بننے کی وارننگ
کرونا وائرس 197 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 907 ہو گئی۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ امریکا عالمی وبا کا نیا مرکز بن رہا ہے، اٹلی میں حکام نے لاک ڈاؤن اور پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں پنجے گاڑ لئے، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اٹلی کی صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔ وبا سے نمٹنے کے لیے حکام نے لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ 24 گھنٹوں میں مزید 743 ہلاکتیں ہوئیں، کل تعداد 6 ہزار 8 سو 20 ہو گئی۔ اسپین میں مزید 680 افراد مارے گئے، تعداد 2 ہزار 991 ہو گئی۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا میں اتنی تیزی سے کرونا کے مریض سامنے آتے رہے تو وہ وبا کا نیا مرکز بن جائے گا، متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی۔نیویارک میں وینٹی لیٹرز، ماسک اور میڈیکل آلات کی شدید قلت پیدا ہو گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ہے مزید فیس ماسک اور وینٹی لیٹرز کا انتظام کرنا مشکل ہے۔ امریکا میں مزید 145 ہلاکتوں کے بعد تعداد 782 ہو گئی۔مہلک وائرس سے سعودی عرب میں پہلا مریض جاں بحق ہو گیا، 51 سالہ افغان شہری مدینہ منورہ کےہسپتال میں زیر علاج تھا، اقوام متحدہ نے ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر دیا، ایران میں مزید 122 ہلاکتوں کے بعد تعداد 1934 ہو گئی۔فرانس میں بھی مزید 244 افراد مارے گئے ، تعداد 1100 ہو گئی۔ برطانیہ میں 422 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیدرلینڈ میں 276 افراد مارے گئے، جرمنی میں 159 ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کرونا کے مریضوں کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے، مکمل حفاطتی لباس پہن کر وارڈ میں گئے، صدر کا کہنا تھا کہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔