الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے تحریری فیصلے کے ساتھ پی ٹی آئی کی حاصل کردہ ممنوعہ فنڈنگ کی تفصیل جاری کر دی۔ 68 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں برسٹل سروسز والی فنڈنگ، پی ٹی آئی امریکہ، کینیڈا سے ملنے والی فنڈنگ کو ممنوعہ قرار دیا گیا ہے۔ تحریری فیصلے میں پی ٹی آئی کو 34 غیر ملکی شہریوں سے ملنے والی فنڈنگ، رومیتا سیٹھی سے ملنے والی فنڈنگ اور 351 غیرملکی کمپنیوں سے ملنے والی فنڈنگ کو بھی ممنوعہ قرار دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے کےمین آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ووٹن کرکٹ کلب سے 21 لاکھ 21 ہزار 500 امریکی ڈالر حاصل کیے۔ ووٹن کرکٹ کلب ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی کی ملکیت ہے۔ پی ٹی آئی نے متحدہ عرب امارات کی برسٹل انجینئیرنگ سے 49 ہزار 965 امریکی ڈالر کے فنڈز لیے۔ سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ای پلینٹ اور برطانوی کمپنی ایس ایس مارکیٹنگ سے کل 10 لاکھ ایک ہزار 741 ڈالرز حاصل کیے گئے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف امریکہ کےذریعے 2 ایل ایل سی کمپنیوں سے 25 لاکھ 25 ہزار 500 ڈالر پی ٹی آئی پاکستان کو منتقل کیے گئے۔ پی ٹی آئی کینیڈا کارپوریشن سے 2 لاکھ 79 ہزار 822 ڈالر فنڈز منتقل ہوئے۔ پی ٹی آئی یو کے پبلک لیمیٹڈ کمپنی سے 7 لاکھ 92 ہزار 265 برطانوی پاؤنڈز منتقل ہوئے۔ پی ٹی آئی کینیڈا کارپوریشن سے 35 لاکھ 81 ہزار 186 پاکستانی روپے کے عطیات بھی وصول کیے گئے۔پی ٹی آئی نے آسٹریلوی کمپنی ڈنپیک پرائیوٹ لیمیٹڈ، انور برادرز، زین کاٹن اور ینگ سپورٹس سے بھی فنڈنگ وصول کی۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ فنڈنگ پاکستانی قوانین کے خلاف ہے۔ حاصل کی گئی فنڈنگ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 اور آرٹیکل 6/3 کی خلاف ورزی ہے۔ پی ٹی آئی نے بھارتی نژاد امریکی شہری رومیتا شیٹی سے بھی تیرہ ہزار 750 ڈالرز وصول کیے۔ تحریک انصاف نے 8 بینک اکائونٹس کی ملکیت تسلیم کی جبکہ تیرہ بینک اکائونٹس کو نامعلوم دکھایا گیا۔ سٹیٹ بینک ڈیٹا کے مطابق یہ تیرہ اکائونٹس پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے لکھوائے اور آپریٹ کیے۔جمع کرائی گئیں اسٹیٹمنٹس سٹیٹ بینک ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لیے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین کیجانب سے جمع کروایا گیا بیان حلفی مس ڈیکلریشن ہے، پارٹی اکاونٹس کے حوالے سے بھی جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 34غیر ملکیوں سے بھی عطیات وصول کیے گئے، تحریک انصاف نے 16 اکاونٹس کے حوالے سے وضاحت نہیں دی۔ 16 بینک اکاونٹس چھپانا آئین کے آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے۔ کیوں نہ سارے فنڈز ضبط کر لئے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ سیاسی فیصلے الیکشن کمیشن نہیں ، عوام فیصلہ کرتی ہے۔ پی ٹی آئی اکیلی پارٹی ہے جس نے سیٹھ نہیں رکھے ہوئے۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کیس میں کسی قسم کی کوئی فارن فنڈنگ نہیں نکلی، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نوٹس جاری ہواہے جس کا بھرپور جواب دیں گے۔ تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس دائر کرنے والے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، پاکستان کی سیاست میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ہم نے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا اور ان پر بھروسہ کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی نے غلط بیانی کی اور اکاونٹس پوشیدہ رکھے۔
انکم، ٹوکن، ٹال ٹیکس میں اضافہ نامنظور ٹرانسپورٹرز کی دوسرے روز بھی ہڑتال
گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں کے حصول میں 19فیصد اضافہ
کم شرح سود اور لاک ڈاؤن کے بعد معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے سبب گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضوں کے حصول میں دسمبر2020کے دوران 19فیصد اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر2020کے دوران ٹرانسپورٹ اور کاریں خریدنے کیلئے حاصل کئے گئے قرضوں کا حجم 256ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ دسمبر2019 میں اس مد میں 215ارب روپے کے قرضہ جات حاصل کئے گئے تھے۔اسی طرح دسمبر2019 کے مقابلے میں دسمبر 2020کے دوران ٹرانسپورٹ کی خریداری کیلئے حاصل کردہ قرضوں میں 41ارب روپے یعنی 19فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق 1300سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں کی خریداری کیلئے قرضہ حاصل کرنے کی طلب میں اضافہ بھی قرضوں کے حصول میں بڑھوتری کا ایک سبب ہے ۔ مرکزی بینک نے کہا ہے کہ حال ہی میں متعارف کرائی گئی 1300سی سی اور اس سے بڑی گاڑیوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے نتیجے میں بھی قرضوں کا حصول بڑھا ہے ۔ شرح سود میں کمی سے گاڑیاں خریدنے والے صارفین کو کم ماہانہ اقساط ادا کرنی ہوتی ہیں۔ دوسری جانب گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود صارفین نئی گاڑی خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے قرضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
بھارتی اداکار نفسیاتی مریض بننے لگے، ایک اور ایکٹر نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی
بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکاروں میں نفسیاتی مسائل پیدا ہونا شروع ہو چکے ہیں، آئے روز خبریں ملتی ہیں کہ کسی نہ کسی اداکار نے خود کشی کر لی ہے۔ حالیہ واقعہ میں بھی نوجوان اداکار تیلگو اداکار نے خود کو پھندا لگا لگا لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سری واستو چندراسکیر نفسیاتی مسائل کا شکار تھے۔ وہ گھر سے شوٹنگ کرنے کا کہہ کر گئے لیکن اپنی دوسری رہائشگاہ پر جا کر خود کو پنکھے سے لٹکا لیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار سری واستو چندراسکیر کا نفسیاتی مسائل کی وجہ سے علاج بھی چل رہا تھا۔ نوجوان اداکار کی اچانک موت کی خبر پر بالی ووڈ فلم انڈسٹری پر ایک مرتبہ پھر سکتہ طاری ہو چکا ہے۔
آئینی ترمیم کیلئے تحریک انصاف کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ارکان کی خرید وفروخت بند ہونی چاہیے، اپوزیشن بتائے وہ منڈی کیوں لگانا چاہتی ہے؟ آئینی ترمیم کیلئے تحریک انصاف کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آئے گا، تسلیم کریں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اوپن بیلٹ کی کوشش کر رہے ہیں۔ پورا پاکستان جانتا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں خریداری ہوتی ہے۔ پچھلی بار بھی اراکین کو خریدنے کی منڈی لگائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ ضمیر کے خریداروں کی منڈی بند ہونی چاہیے۔ جو جس پارٹی کے نشان پر منتخب ہو کر آئے، وہ ان ہی کو ووٹ دیں۔ یہ صرف تحریک انصاف کا موقف نہیں بلکہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں بھی لکھا ہوا ہے۔ جب تمام پارٹیاں اوپن بیلٹ کا کہہ چکی ہیں تو اب اس سے پیچھے کیوں ہٹ رہی ہیں؟ وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ اراکین کا خیال تھا کہ اس مسئلے پر آئینی ترامیم ہونی چاہیے لیکن ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں، ہم سپریم کورٹ میں چلے گئے ہیں اور وہ آئین کی تشریح کرکے بتائیں گے۔ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اس کو کھلے دل سے تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہا سینیٹ ایک ایسا ادارہ جو وفاق کی علامت ہے۔ سینیٹ میں ہر مسئلہ کو اٹھانا چاہیے۔ سینیٹ وفاق کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اس وقت بہت سی طاقتیں پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ بہت سی طاقتیں پاکستان میں دہشت گردی اور انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ سینیٹ کے نومنتخب اراکین اور سینیٹ کا ایوان ملک دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لئے معاون ثابت ہوگا۔
الیکشنز ایکٹ میں ترمیم، پیپلز پارٹی نے آرڈیننس آئین پر حملہ قرار دیدیا
پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشنز ایکٹ میں ترمیم آرڈیننس کو آئین اور پارلیمنٹ پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے خود آئینی بحران پیدا کر دیا ہے۔ کراچی میں سینیٹر شیری رحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ یہ کابینہ ملک کے آئین سے کھیل رہی ہے۔ یہ کابینہ نابینا ہے جو آئین نہیں پڑھ سکتی۔ فرض کریں اگر الیکشن آرڈیننس کے تحت ہو جاتے ہیں اور آرڈیننس منسوخ ہو جاتا ہے تو پھر پورا الیکشن ہی کالعدم ہو جائے گا۔ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ حکومت کسی ادارے کو تو چھوڑ دے۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرا چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جواب میں کہا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی الیکشن آئین کے تحت ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک آئینی ترمیم نہ ہو، اوپن بیلٹ سے الیکشن نہیں کروا سکتے۔ اب حکومت نے الیکشن کمیشن کو بھی سپریم کورٹ کے سامنے کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر قانون سازی کرنا تھی تو پھر سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس کیوں بلایا؟ آرڈیننس کی زندگی صرف 120 دن تک ہے۔ پارلیمان کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے سینیٹ الیکشن کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آرڈیننس جاری کر سکتے ہیں لیکن پہلی شرط یہ ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا گیا ہو۔ یہ آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے۔ رضا ربانی نے الزام عائد کیا کہ آرڈیننس کو لا کر محسوس ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسی قانون سازی اپنی زندگی میں نہیں دیکھی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے لیے اپوزیشن سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ یہ پارلیمان کو آرڈیننس فیکٹری بنا چکے ہیں۔ اب یہ عدالت پر بھی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمان اس معاملے پر بحث کر سکتی تھی۔ تاہم حکومت نے اپنے ہاتھوں آئینی بحران پیدا کر دیا ہے۔ لگتا ہے ان کے اپنے اراکین اسمبلی ان کیساتھ نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ عدالت میں ہے اور راتوں رات آرڈیننس جاری کر دیا گیا۔ یہ آئین اورپارلیمان پر حملہ ہے۔
کرونا وائرس: صوبہ پنجاب میں سکولوں کو 30 مئی تک بند رکھنے کا اعلان
پنجاب حکومت نے کابینہ کے اجلاس میں بڑے فیصلے کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری سکولز کی چھٹیاں یکم جون تک بڑھانے کی منظوری دیدی ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں حاضر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس سٹاف کی انشورنس کروانے اور بلوچستان کے لئے ایک ارب روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر صوبے میں بلدیاتی انتخابات موخر کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے سکولوں کی چھٹیاں 30 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نجی سکولوں کو تجویز دی کہ وہ بچوں سے نصف فیس وصول کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 10 ہزار نئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ کرونا وائرس کے پیش نظر ہم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سماجی بہبود کے فنڈز کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے استعمالکیا جائے گا۔عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ میرے سمیت صوبائی کابینہ کے تمام اراکین اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے دے رہے ہیں۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے اور پی ڈی ایم اے کو 2 ارب روپے کے فنڈز جبکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ اور بلوچستان کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لیبارٹریز کو فنکشنل کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔
کرونا سے دنیا بھر میں 18 ہزار 907 ہلاکتیں، امریکا کو وائرس کا نیا مرکز بننے کی وارننگ
کرونا وائرس 197 ممالک میں پھیل گیا، دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 907 ہو گئی۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ امریکا عالمی وبا کا نیا مرکز بن رہا ہے، اٹلی میں حکام نے لاک ڈاؤن اور پابندیاں مزید سخت کر دیں۔ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں پنجے گاڑ لئے، مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اٹلی کی صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔ وبا سے نمٹنے کے لیے حکام نے لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا۔ 24 گھنٹوں میں مزید 743 ہلاکتیں ہوئیں، کل تعداد 6 ہزار 8 سو 20 ہو گئی۔ اسپین میں مزید 680 افراد مارے گئے، تعداد 2 ہزار 991 ہو گئی۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا میں اتنی تیزی سے کرونا کے مریض سامنے آتے رہے تو وہ وبا کا نیا مرکز بن جائے گا، متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی۔نیویارک میں وینٹی لیٹرز، ماسک اور میڈیکل آلات کی شدید قلت پیدا ہو گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ہے مزید فیس ماسک اور وینٹی لیٹرز کا انتظام کرنا مشکل ہے۔ امریکا میں مزید 145 ہلاکتوں کے بعد تعداد 782 ہو گئی۔مہلک وائرس سے سعودی عرب میں پہلا مریض جاں بحق ہو گیا، 51 سالہ افغان شہری مدینہ منورہ کےہسپتال میں زیر علاج تھا، اقوام متحدہ نے ایران پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کر دیا، ایران میں مزید 122 ہلاکتوں کے بعد تعداد 1934 ہو گئی۔فرانس میں بھی مزید 244 افراد مارے گئے ، تعداد 1100 ہو گئی۔ برطانیہ میں 422 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیدرلینڈ میں 276 افراد مارے گئے، جرمنی میں 159 ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کرونا کے مریضوں کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچ گئے، مکمل حفاطتی لباس پہن کر وارڈ میں گئے، صدر کا کہنا تھا کہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔
ملک میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، مریضوں کی تعداد 1000 ہوگئی
ملک میں کورونا وائرس پھیلنے لگا، مریضوں کی تعداد 1000 ہوگئی، سندھ 413، پنجاب 296، بلوچستان 115، خیبر پختونخوا 78، اسلام آباد 16، آزاد کشمیر 1، گلگت بلتستان میں متاثرین 81 ہوگئے۔ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے باعث 7 افراد جاں بحق، 19 افراد صحت یاب جبکہ 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نجاب میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد میں 176 زائرین شامل ہیں جب کہ لاہور میں 65، گجرات میں 20، جہلم 16، گوجرانوالہ 8، ملتان 3، راولپنڈی 2، فیصل آباد 2، سرگودھا، نارووال، منڈی بہاؤ الدین اور رحیم یار خان میں ایک، ایک کیس ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں ساتویں اور پنجاب میں پہلی ہلاکت ہوگئی۔ گزشتہ روز لاہور کے میو ہسپتال میں کورونا وائرس کا ایک مریض جاں بحق ہوگیا۔ مریض افرا سیاب کی عمر 57 سال اور شیخوپورہ کا رہائشی تھا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اسے دمہ و سانس میں دشواری کا بھی سامنا تھا۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق مریض نے غیر ملکی سفر نہیں کیا، چند روز قبل آزاد کشمیر گیا تھا۔ مرحوم کی آخری رسومات کورونا وائرس کی تدفین کی گائیڈ لائن کے مطابق ادا کی جائیں گی۔ افرا سیاب کی ہلاکت کے بعد پورے علاقے کو سیل کر کے گلی کے ہر فرد کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے سکولوں کی چھٹیوں میں 31 مئی تک توسیع اور بلدیاتی الیکشن 9 ماہ کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ زکوۃ کی تقسیم ایک ماہ قبل شروع کر دی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کورونا وائرس کا علاج کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے گلگت بلتستان کے شہید ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پنجاب حکومت نے محکمہ صحت کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں جس کی منظوری کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ 2 ارب روپے کے فنڈز پی ڈی ایم اے کو جاری کئے گئے ہیں جبکہ 60 کروڑ روپے اضلاع کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے بلوچستان حکومت کو ایک ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کے فیصلے کی توثیق کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں دفعہ 144نافذ ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی پابندی ہر صورت کرائی جائے گی تاہم کھانے پینے کی اشیا کی ہوم ڈیلیوری، ادویات، سینی ٹائزر وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال کا کاروبار متاثر نہیں ہوگا اور کسی بھی ایشو کی صورت میں مقامی لوگ متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سندھ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز آگئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 413 ہوگئی۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ نئے آنے والے کیسز میں 11 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منتقل ہوئے جبکہ دیگر 5 کیسز ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے ہیں۔ مریضوں کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں سکھر کے سوا دیگر صوبے میں 145 کیسز ہیں جس میں سے 144 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے جس میں سے 4 صحت یاب ہوچکے ہیں اور 137 زیر علاج ہیں۔ ان 141 کیسز میں 90 کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر منتقل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر کیسز تفتان سے سکھر آنے والے زائرین ہیں جس میں 265 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 3 ہزار 149 افراد کے نتائج منفی آئے ہیں جبکہ کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 10 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صوبے میں صحتیاب ہونے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
حکومت کا ملک بھر میں کل سے ہر قسم کا فضائی آپریشن معطل کرنیکا فیصلہ
حکومت نے کل سے ملک بھر میں ہر قسم کا فضائی آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈومیسٹک، چارٹرڈ فلائٹ آپریشن پر 26 مارچ سے 2 اپریل تک پابندی ہوگی۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق ڈومیسٹک، چارٹرڈ، نجی ہوائی جہازکے ذریعے ہوائی سفر معطل رہے گا، اطلاق کارگو اور خصوصی اجازت کے تحت پروازوں پر نہیں ہوگا۔خیال رہے اس سے قبل وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر دو ہفتوں کے لیے فضائی آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔